ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بسوں کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کمار سوامی کی ہدایت، محکمۂ ٹرانسپورٹ کی آمدنی بڑھانے پر وزیر اعلیٰ کا زور

بسوں کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کمار سوامی کی ہدایت، محکمۂ ٹرانسپورٹ کی آمدنی بڑھانے پر وزیر اعلیٰ کا زور

Sat, 13 Oct 2018 00:20:33    S.O. News Service

بنگلورو،12؍اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے ریاستی محکمۂ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی ہے کہ فی الوقت وہ بسوں کے کرایوں میں اضافے کی تجویز پر عمل سے گریز کریں۔

آج ودھان سودھا میں محکمۂ ٹرانسپورٹ کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ سے مخاطب ہوکر کمار سوامی نے کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ کو سال گزشتہ کے مقابل رواں سال 131کروڑ روپیوں کی افزود آمدنی ہوئی ہے، اس آمدنی کے استعمال سے مسافروں کو درپیش مشکلات دور کرنے اور انہیں بہتر خدمات مہیا کرانے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ مسافروں کو بسوں اور بس اسٹیشنوں پر بہترین سہولتیں اور بنیادی انفرااسٹرکچر فراہم کرنے کے ساتھ محکمے کو خسارے سے نکالنے کے لئے کچھ ایسے قدم اٹھائے جائیں جس کا بوجھ عام مسافر پر نہ پڑے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں جابجا میٹرو ریل پراجکٹ تکمیل کے مختلف مرحلوں کی طرف گامزن ہے۔ اس پراجکٹ کو بی ایم ٹی سی سے ہم آہنگ کرنے کی طرف فوری توجہ دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ بسوں کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ عوامی رائے جاننے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ اس سے پہلے اگر بسوں کا کرایہ بڑھائے بغیر اگر بی ایم ٹی سی اور دیگر ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کو آمدنی بڑھانے کے متبادل ذرائع تلاش کرنے چاہئیں ، اگر یہ ذرائع مل جائیں تو کرایوں میں اضافے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

میٹنگ میں وزیر ٹرانسپورٹ ڈی سی تمنا ، وزیر تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا ، وزیر کوآپر یشن بینڈپا قاسم پور، چیف سکریٹری ڈاکٹر ٹی ایم وجئے بھاسکر، وزیر اعلیٰ کے اڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ای وی رامنا ریڈی، محکمۂ ٹرانسپورٹ کے سکریٹری بی بسوراجو اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔


Share: